ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو روکنے کی طاقت صرف عام آدمی پارٹی میں ہے: اروند کیجریوال

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو روکنے کی طاقت صرف عام آدمی پارٹی میں ہے: اروند کیجریوال

Sun, 07 Oct 2018 12:02:43  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:7 اکتوبر (ایس او نیوز)  عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینراوردہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روزاگلے برس ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بارے میں کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کودہلی میں شکست دینے کے لئے ان کی پارٹی ہی واحد متبادل ہے۔

دلی کے روہنی علاقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی اورراشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) لوک سبھا انتخابات جیتنے کے سلسلے میں آپ کے ووٹ کاٹنے کے لئے مبینہ طورپرکانگریس کی حمایت کررہی ہیں۔ لوگ بی جے پی سے ناراض ہیں وہ راہل گاندھی اوربدعنوان کانگریس کو بھی ووٹ نہیں دینا چاہتے۔ لہٰذا دہلی میں صرف آپ ہی واحد متبادل ہے۔

بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات 2014 میں آپ نے بی جے پی کو ووٹ دیئے اوربی جے پی کے سبھی 7 ممبر پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ بھیجا۔ سال 2015 کے اسمبلی انتخابات میں آپ نے تبدیلی کے لئے ووٹ ڈالے اوردہلی میں 70 میں سے 67 سیٹوں پرآپ کو فتح دلائی۔ آپ کی فلاح کے لئے کس نے کام کیا؟ عام آدمی پارٹی یا بی جے پی کے 7 ممبر پالیمنٹ نے؟ یہ آپ ہے جوبغیرتھکے آپ کے لئے مسلسل کام کررہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے ساتوں ممبر پارلیمنٹ انتخاب جیتنے کے بعد واپس نہیں آئے اورآپ سرکار کے پروجیکٹوں کو ناکام بنانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنرکو مہرہ بنایا۔  کیجریوال نے کہا کہ انہوں نے محلہ کلینک، سی سی ٹی وی پروجیکٹ، نئے اسکول، نئی یونیورسٹیاں اور دہلی کے عوام کے لئے جو کچھ ہم کرنا چاہتے تھے، انہیں ناکام بنانے کی کوششیں کی گئیں، لیکن ہم وہ نہیں ہیں جو دلدل میں پھنس جائیں، ہم دلی والوں کے لئے لڑتے رہے اور ہم نے جو وعدے کئے تھےانہیں پورا کیا۔ اگر آپ لوگ آپ کے 7 ممبر پارلیمنٹ کو بھیجیں گے، ہم اب تک جو کام کئے ہیں اس سے 10 گنا زیادہ کام کریں گے۔

اروند کیجریوال نے وزیراعظم نریندرمودی پرالزام لگایا کہ انہوں نے آپ کو ووٹ دینے کے لئے دہلی والوں کو نشانہ بنایا اور میٹرو کے کرائے میں اضافہ اورسیلنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دلی سے ہمارے 7 ممبرپارلیمنٹ ہوتے تو وہ میٹرو کا کرایہ نہیں بڑھا پاتے۔ ہم انہیں سیلنگ کرنے نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ 2014 کی غلطی نہ دہرائیں، اپنی پارٹی کو مضبوط بنایئے، آپ کو مضبوط بنایئے اورہم آپ کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ کانگریس پارٹی کو ایک بھی ووٹ نہ دیں، آپ کے لئے ووٹ کریں۔ صرف یہی سیاسی پارٹی مودی کی بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے۔

انہوں نے آر ایس ایس پر الزام لگایا کہ وہ دہلی میں غلط تشہیر کے ذریعہ ووٹروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس گھر گھرجاکرتشہیر کررہا ہے۔ وہ صبح کی سیرکے دوران پارکوں میں جاکرووٹروں کو بہکا رہے ہیں۔ وہ پارکوں اورلوگوں کے گھروں میں جاکرکہہ رہے ہیں کہ مودی نے سب کچھ برباد کردیا۔ کانگریس مودی سے بہترہے۔ کیجریوال نے کہا کہ آر ایس ایس چاہتا ہے کہ کانگریس کو کچھ ووٹ ملے اورآپ کو شکست ہو۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دہلی میں کہیں نہیں ہے کیونکہ اس نے 15 برسوں تک دہلی میں غلط حکمرانی کے ساتھ کئی بدعنوانیاں کیں۔


Share: